ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال : کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان مارپیٹ ۔ پولیس نے کیا لاٹھی چارج ۔ زخمی کارکنان اسپتال میں داخل

بنٹوال : کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان مارپیٹ ۔ پولیس نے کیا لاٹھی چارج ۔ زخمی کارکنان اسپتال میں داخل

Wed, 14 Jul 2021 20:48:12    S.O. News Service

بنٹوال 14/ جولائی (ایس او نیوز) بی جے پی اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے کارکنان  الگ الگ معاملوں پر احتجاج کرنے کے لئے جب کاولکٹّے کے پاس جمع ہوئے تو ان دونوں کے درمیان تکرار شروع ہوئی جو بڑھ کر ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی ۔ جس کے بعد حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس کو  لاٹھی چارج کرتے ہوئے متصادم گروہوں کو منتشر کرنا  پڑا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے کارکنان کاولا مودور گرام پنچایت کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس اور پانی سپلائی کے چارجس بڑھانے کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے ۔ اس دوران وہاں پر بی جے پی والے بھی جمع ہوگئے ۔  کانگریس کارکنان نے اس احتجاج میں آر ٹی آئی کارکن پدمنابھا میّا کی موجودگی پر سوال اٹھائے جس پر بی جے پی کارکنان کانگریسیوں سے بھڑ گئے  اور  ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے کرتے ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہوگئے ۔ مبینہ طور پر کانگریسی کارکنان نے آر ٹی آئی کارکن پدمنابھا پر حملہ  بھی کیا۔

جب حالات بے قابو ہونے لگے اور علاقہ میں کشیدگی بڑھنے لگی تو موقع پر موجود پولیس سب انسپکٹر سومیّا نے مداخلت کی اور اس کے بعد بھی جھگڑا بڑھتا گیا تو پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متصادم گروہوں کو وہاں سے منتشر کردیا ۔

آر ٹی آئی کارکن پدمنابھا کو پونجلکٹے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جبکہ کانگریسی کارکنان سدانند شیٹی اور بی آر انچن کو بنٹوال سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس نے اسپتال میں داخل کارکنان کے بیانات درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے ۔ بنٹوال ڈی وائی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا اور بیلتنگڈی سرکل انسپکٹر شیوا کمار نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا معائنہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔


Share: